اب نہ گھبرائیں تو کب گھبرائیں ؟

992

کہتے ہیں کبوتر کو اپنے گرد خطرہ نظر آئے تو وہ اپنی آنکھیں بند کرلیتا ہے حالانکہ ایسا کرلینے سے اس کی جان نہیں بچ جاتی۔گزشتہ حکومتوں سے تنگ آکر عوام نے عمران خان کو منتخب کیا تو عمران خان نے عوام سے کہا میرے پاکستانیوں آپ نے گھبرانا نہیں ہے اور پاکستانیوں نے بھی وزیراعظم کے اس جملے کو سننے کے بعد اپنی آنکھیں بند کرلیں ۔عمران خان نے آتے ہی قوم کو یقین دلایا کے چور لٹیروں کو جیل میں ڈالا جائے گا ،کسی کو این آر او نہیں ملے گا اور ملک کے حالات ٹھیک ہوجائیں گے۔تحریک انصاف کے دیگر نمائندوں نے بھی اپنے طور پر قوم سے مختلف وعدے کئے کسی نے کہا بیرون ملک سے لوگ پاکستان میں ملازمتیں کرنے آئیں گے ،لوٹی ہوئی رقم واپس آئے گی جس کے بعد ملک میں مہنگائی کا خاتمہ ہوگا ،ایک کروڑ نوکریاں دی جائیں گے ،لاکھوں گھر تعمیرکئے جائیں گے ،اہم عمارتوں کو جامعات میں تبدیل کردیا جائے گا،اسٹیل ملز اور پی آئی اے جیسے اداروں کو بحال کیا جائے گا ۔

تحریک انصاف کی حکومت کو ایک سال مکمل ہونے کو ہے ۔کبوتر کی طرح آنکھیں بند کرلینے والے عوام آج پریشان حال ہیں ۔نئے مالی سال کے آغاز کے موقع پر گاڑی مالکان کو ود ہولڈنگ ٹیکسز کی مد میں 600 فیصد تک اضافے کا بڑا دھچکا لگا ہے۔تحریک انصاف کی حکومت آتے ہی بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا جس کے بعد عوام پر ساڑھے 13ارب روپے کا بوجھ پڑا ۔تبدیلی سرکار نے ایک سال میں پیٹرول کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ کردیا،پیٹرول کی موجودہ قیمت113روپے ہے جبکہ اس میں بھی مزید اضافے کا امکان ہے۔عوام مہنگائی کے اس بوجھ تلے بری طرح دبے سانس لینے کی کوشش کر رہے تھے کے سی این جی کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا گیا۔سی این جی کی قیمتوں میں فی کلو بیس روپے تک کا اضافہ کیا گیا تو ملک میں ایک بار پھر طویل عرصے بعد ہڑتال کی گونج سنائی دی۔سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹر اتحاد نے ہڑتال کا اعلان کیا اور اس ہڑتال کے باعث عوام کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔ تاجر اتحاد کی جانب سے بھی ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کیخلاف احتجاج کیا گیا۔گذشتہ حکومت کے مقابلے میں تیزی سے بڑھتے ہوئے افراط زر سے پاکستانی عوام کو کافی دھچکہ لگا ہے۔حکومتی وزیر تو کہہ سکتے ہیں کے پیٹرول 200روپے لیٹر ہو پھر بھی عمران خان کا ساتھ دیں گے لیکن پاکستان کے عام عوام کے حالات اس سے کچھ مختلف ہیں ۔ صرف ایک سال میں پاکستانی روپے کی امریکی ڈالر کے مقابلے میں قیمت 24 فیصد گھٹ گئی ہے۔امریکی ڈالر نے تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو لیا ہے۔اس تمام تر صورت حال کے باوجود حکومت کی جانب سے آئے دن عوام ہر نئے ٹیکس لاگو کردیے جاتے ہیں۔ جہاں عوام کو اس بحران کا درد محسوس ہو رہا ہے، بین الاقوامی مالیاتی ادارے بھی پاکستان کی معیشت کے اگلے دو سال مزید ہیبت ناک بتا رہے ہیں۔حال ہی میں ورلڈ بینک کی ساؤتھ ایشیا اکانومک فوکس – اکسپورٹس وانٹڈنامی رپورٹ نے پیش گوئی کی ہے کہ اس مالیاتی سال پاکستان میں مہنگائی 7.1 فیصد بڑھے گی اور اگلے سال تک 13.5 فیصد تک پہنچ جائے گی۔کبوتر کی طرح آنکھیں بند کرلینے والے عوام کپتان جی کے فرمان کے باوجود اب گھبرا بھی رہے ہیں اور اپنی جان بچانے کی سوچ رہے ہیں۔

حکومت نے دوست ممالک سے امداد بھی لے لی ،تبدیلی سرکار آئی ایم ایف کے پاس بھی چلی گئی قرضہ بھی لے لیا لیکن کیا اس سب سے معیشت مستحکم ہوگئی؟کیا ایک ٹیکسی ڈرائیور سے اس کی گاڑی کی سیٹوں کے اعتبار سے ہزاروں روپے ٹیکس لینے سے معیشت مستحکم ہوگی؟کیا گیس کی قیمتوں میں دو سو فیصد اضافے سے معیشت مستحکم ہوگی؟کیا ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے معیشت مستحکم ہوگی؟عمران خان کو شاید کوئی غلط مشورے دے رہا ہے ایسا کرنے سے معیشت مستحکم ہو نہ ہوخودسوزی کے تناسب میں اضافہ ضرور ہوگا ،اس جدید دور میں لوگ ایک بار پھر لکڑیاں جلانے پر مجبور ہوجائیں گے بیروزگاری میں اضافہ ہوگا ،چوری ڈاکوں میں اضافہ ہوگا غربت کا تو معلوم نہیں لیکن غریب کا ضرور خاتمہ ہوگا ۔

عمران خان کو اب عوام کا درد سمجھنا ہوگا ۔ان کو اس بات کو بھی تسلیم کرنا ہوگاکہ ان کی ان پالیسیوں سے ان کے پاکستانی گھبرا رہے ہیں، غریب کو غریب تر کرنے کی پالیسی سے ملک کبھی ترقی نہیں کرے گا۔کسی بھی ملک کی ترقی میں اس کا کاروباری طبقہ خاص اہمیت کا حامل ہوتا ہے لیکن عمران خان کی پالیسیوں سے ملک میں چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والے اپنا کاروبار بند کرنے پر مجبور ہورے ہیں جس کے باعث بیروزگاری کی شرح میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔وزیراعظم اور ان کی ٹیم کو ایمنسٹی اسکیم کے ساتھ ساتھ پلی بارگین اسکیم بھی لانا ہوگی۔وزیراعظم کا کہنا ہے کہ جو ریکارڈ اس حکومت کے پاس ہے وہ کسی کے پاس نہیں ۔آخر اس ریکارڈ کو استعما ل کرکے بڑے چوروں کو کیوں گرفتار نہیں کیا جارہا؟اور اگر گرفتار کیا جارہا ہے تو ڈیل یا پلی بارگین کیوں نہیں ہورہی جس سے ملک کو فائدہ ہو ؟چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والوں کو سہولیات مہیہ کرکے ان کے کاروبار میں آضافہ کیوں نہیں کیا جارہا تاکہ بیروزگاری میں کمی واقع ہو اور ٹیکس وصولی کی شرح میں اضافہ ہو۔ملک بھر میں غیر آباد زمینیں موجود ہیں آخر ملک کے بیروزگار نوجوانوں کی مدد سے ان کو آباد کیوں نہیں کیا جارہا؟ چھوٹے ممالک سے تجارت میں اضافہ کیوں نہیں کیا جارہا ؟کیا غریب عوام کی چیخیں نکالنے سے معیشت مستحکم ہوجائے گی؟

شاید آپ یہ بھی پسند کریں مصنف سے زیادہ

2 تبصرے

  1. Shirazi کہتے ہیں

    لو جی ایک اور لفافہ صاحب میدان میں نمودار۔۔۔ جو بھی معیشت اور قوم آج بھگت رہی ہے اسکا اصل محرک یہ دروغ گوہ لکھاری ذکر کرنا پاپ سمجھتا ہیے۔ پاپی پاپیوں کا ذکر کر ےبھی تو کیسے؟ اس لکھاری سے پوچھنا کیا ہر قاری کا حق نہیں بنتا کہ جو بے تحاشہ قرضےلئے گئے کیا وہ عمران خان یا انکی حکومت نے لئے تھے؟ کیا ان قرضوں کو خرد برد کرکے پانچ بر اعظموں میں عمران خان نے محلات اور جائیدادیں خریدیں؟ اس عطار کا ذکر آپ کیوں نہیں کرتے جسکے جعلی دوا کھا کر آج پاکستان بستر مرگ تک پہنچ گیا اور اب عمران خان ہیں اس کینسر زدہ مریض کا علاج جانفشانی اور بہادری سے کر رہا ہے جسکے لئے قوم انکا مشکور ہے ۔۔۔ آپ اور آپ جیسے لکھاری پراپیگنڈا کر کر کے تھک جائیں گے لیکن جناب عمران خان کی محبت دلوں سے رتی برابر بھی کم نہ کر پائیں گے۔ آزمائش شرط ہے۔۔۔

  2. Luqman Hafeez کہتے ہیں

    یہ ایک پڑھے لکھے شض کی طرف سے لکھا گیا تبصرہ ھے جس کی رُو سے لگتا ھے کہ پاکستان کو اور اُسکی عوام کو اِس حال تک پہنچانے میں عمران خان کا ہی ہاتھ ھے۔ نجانے لوگ کیوں بھول جاتے ہیں کہ اِس مُلک کو 70 سال تک جس طرح سے چلایا گیا ھے، ہم آج اُنہیں کارستانیوں کا نتیجہ بُھگت رھے ہیں۔ کوئی بھی مُلک ایک سال میں برباد نہیں ھو سکتا۔ ۱۰۰ ارب ڈالر کا قرضہ کیا ایک سال میں لیا گیا؟

    شہریار شوکت نے اب تک مُلک کے بارے جتنے تجزیے کیئے ہیں اُن سے ایک بات تو واضح ھے کہ حضرت شدید قسم کے پٹواری ہیں۔ شُکر ھے اُنہوں نے براہ راست قائداعظم پہ حملہ نہیں کر دیا کیوں کہ مصیبت میں نہ گھبرانے والی بات سب سے پہلے محمد علی جناح نے کی تھی۔
    آپ کو گھبرانا ھے تو گھبرا لیں، لیکن یہ مُلک اب پٹری پر آ کر ہی رھے گا انشاءاللہ، چاہے آپ جیسے چھوٹے دل کہ لوگ اپنے قلم کا کتنا بھی غلط استمال کر لیں۔

تبصرے بند ہیں.