گاندھی جی کی ناکامی کے آخری دن

2,559

میں نے آنکھ مسلم قوم پرست تعلیمی ادارہ جامعہ ملیہ اسلامیہ، دلی میں کھولی تھی۔ 1947ء کے ستمگر فسادات کے دوراں نئی دہلی سے دس میل دور جمنا کی آگرہ جانے والی نہر کے کنارے، جامعہ جو تین سمت ہندووں کے گائوں سے گھری ہوئی تھی، چار ماہ سے بد ترین محاصرہ میں تھی۔ عالم یہ تھا کہ برابر کے گاوں جولینا میں جہاں آٹا پیسنے کی واحد چکی تھی وہاں تک کسی کو جانے کی ہمت نہیں تھی۔ آٹے کی قلت کی وجہ سے سب کو مطبغ کی تندوری روٹی کے چار حصے کاٹ کر ایک چوتھائی روٹی ملتی تھی۔ گوشت کا تو کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا گودام میں برسوں رکھی پرانی کیڑے لگی دال پر گزارہ تھاجسے کھاتے وقت پلیٹ میں کیڑے تیرتے نظر آتے تھے۔ پرانی دلی میں خونریز فسادات کی آگ بھڑکی ہوئی تھی اور شہر جانے کے تمام راستے بند تھے ہر رات جمنا پار سے ”دھاڑ”(حملے) کا خطرہ رہتا تھا۔ جامعہ کالج کے پرنسپل جے بی کیلاٹ صاحب اور جامعہ کے ثانوی مدرسے کے نگران،علامہ مشرقی کے داماد، اختر حمید خان صاحب جامعہ کے دفاع کے سپہ سالار تھے، جن کی سربراہی میں جامعہ کے اساتذہ اور طالب علم سارے دن اور ساری رات پہرہ دیتے تھے۔ صورت حال اس وقت اور ناگفتہ بہ ہوگئی تھی جب جمنا پار کے دیہاتوں سے مسلمانوں نے حملوں سے اپنی جان بچا کر جامعہ میں پناہ لی تھی۔

gandhi in south african army

10 جنوری کو ایک کار بڑی تیزی سے جامعہ میں داخل ہوئی۔ سب لوگ گھبرا گئے۔ کیا دیکھتے ہیں کہ کار سے گاندھی جی اتررہے ہیں، جو نوا کھالی اور بہار کے خونریز فسادات کے بعد جہاں حسین شہید سہروردی ان کے ساتھ امن کی کوششوں میں مصروف تھے، دلی لوٹتے ہی سیدھے جامعہ آئے تھے۔ گاندھی جی تین گھنٹے تک جامعہ میں رہے اور سارے وقت،مسلم پناہ گزینوں کے بیچ بیٹھے رہے اور انہیں تسلی دیتے رہے۔ بار بار ایک لمبی آہ بھر کر اور آسمان کی طرف دیکھ کر کہتے، بہت برا ہوا، بہت برا ہوا۔ ان کے چہرے سے کرب اور شدید ناکامی کا احساس عیاں تھا۔ کہہ رہے تھے کہ میں پاکستان جا کر ان سب بھائیوں کو اپنے ساتھ واپس لائوں گا جو یہاں سے چلے گئے ہیں۔ جامعہ سے جاتے ہوئے کہنے لگے کہ میں فسادات کو رکوانے اور پاکستان کی رکی ہوئی پچیس کروڑ کی رقم کی ادائیگی کے لئے مرن برت رکھوں گا۔

9_Gandhi_Kasturba

چنانچہ دوسرے روز جب برلا مندر میں گاندھی جی کے مرن برت کی خبر آئی تو جامعہ کے اساتذہ اور طلباء شدید خوف کے باوجود محاصرے سے باہرنکلے اور آس پاس کے دیہاتوں کی گلیوں میں ڈرتے ڈرتے جلوس نکالا۔ نعرہ لگا رہے تھے،”ہندو مسلم ایک ہو جائو۔ گاندھی جی کی جان بچائو” گائوں والے یہ دیکھ کر دم بخود رہ گئے اور پھر یہی نعرے لگاتے ہوئے جلوس میں شامل ہوگئے، یہ ایسی جیت تھی جس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا۔ گاندھی جی کا برت پانچ روز تک جاری رہا اور اس دوران فرقہ وارانہ فسادات کی آگ یکسر ٹھنڈی ہوگئی اور ہندوستان کی حکومت نے پاکستان کی رکی ہوئی رقم بھی ادا کردی۔

History_Gandhi_on_Arrival_in_Britain_Speech_SF_still_624x352

اس زمانے میں جامعہ میں بجلی نہیں آئی تھی۔ لالٹینیں اور گیس کے ہنڈے جلتے تھے۔ خاص خاص موقعوں پر جب اجتماعی طور پر ریڈیو سننا ہوتا تھا تو کار کی بیٹری لگا کر سنا جاتا تھا۔ میں نے البتہ جامع مسجد کے عقب میں کباڑی بازار سے پرانے ہیڈ فون کی ایک جوڑی، تانبے کے تار کا کویل اور کرسٹل کی ڈلی خرید کر ایک چھوٹا سا ریڈیو بنا رکھا تھا جس پر اونچا ایریل لگا کر اور زمین میں گہرا ارتھ گاڑ کرصرف مقامی ریڈیو اسٹیشن سنا جا سکتا تھا۔

30 جنوری کی شام کو چھ بجے کے قریب میں ریڈیو سن رہا تھا کہ اچانک ایک دھماکہ کی طرح اعلان ہوا کہ گاندھی جی کی ہتیا ہو گئی ہے۔ میں نے بھاگ کر جب اپنے اساتذہ کو یہ خبر بتائی تو کسی کو یقین نہیں آیا اور انہوں نے خود آکرتصدیق کے لئے میرے ریڈیو پر خبر سنی۔ کوئی بیس منٹ بعد پنڈت نہرو نے ریڈیو پر خطاب کیا، سخت رندھی ہوئی آواز میں لیکن بڑے واضح الفاظ میں کہا کہ باپو کو ایک ہندو نے قتل کیا ہے۔ گاندھی جی ہماری زندگی سے چلے گئے، اوراب چاروں طرف اندھیرا ہے۔ باپو کے ساتھ ہماری روشنی چلی گئی۔

nathuram godse confronting gandhi before assassination

 

nathu ram godse

میرے اساتذہ نے کہا کہ پنڈت نہرو نے نہایت دانشمندی سے کام لیا ہے اور یہ واضح کر دیا کہ گاندھی جی کو ایک ہندو نتھو رام گوڈسے نے قتل کیا ہے ورنہ فرقہ وارانہ فسادات کی وجہ سے جو شدید کشیدگی ہے، اس میں پورے ملک میں آگ لگ جاتی اور مسلمانوں کا قتلِ عام شروع ہوجاتا۔

02DMCSMITHhk1

گاندھی جی کے قتل کے ستر سال بعد اب بھی مجھے جامعہ میں ان کی آمد پر ان کا وہ چہرہ یاد آتا ہے جس پرچھایا ہوا کرب اپنی ناکامی کا اعلان کر رہا تھا۔ خود گاندھی جی کا قتل ان کے عدم تشدد کے نظریہ کی ناکامی کی سب سے بڑی دلیل ہے۔ گاندھی جی ہندوستان کی سیاست پر تین دہائیوں تک چھائے رہے اور ہندو اکثریت نے انہیں مہاتما کا درجہ دیا لیکن اس کے باوجود وہ ہندوستان کے عوام کے ذہنوں کو بدلنے اور ان میں عدم تشدد کے نظریہ کو حقیقی طور پر تسلیم کرنے کی کوشش میں یکسر ناکام رہے۔ سب سے بڑا خون آشام ثبوت تقسیم ہند کے وقت فرقہ وارانہ فسادات ہیں جن میں دس لاکھ سے زیادہ لوگوں کی جانیں ایسے ہولناک انداز سے گئیں کہ جیسے آزادی کے لئے ان کی بھینٹ چڑھائی گئی ہے۔

mahatma-gandhi---a-legacy-of-peace

اس ہولناک تشدد کے باوجود یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ ہندوستان کی آزادی گاندھی جی کے عدم تشدد کے نظریہ کی مرہون منت ہے۔ بلا شبہ گاندھی جی کا عدم تشدد کا نظریہ ہندوستان میں انگریز راج کے لئے نعمت تھا۔1920 میں ترکی کی خلافت کی حفظ و بقاء کے لئے جب مولانا محمد علی جوہرکی قیادت میں ہندوستان میں مسلمانوں کی تحریک اٹھی جو برطانوی راج کے خلاف جہاد کے جذبہ سے معمور تھی۔ اس تحریک کی خاطر مسلمانوں نے سرکاری نوکریاں اور انگریزی تعلیمی ادارے چھوڑ دیے اور بیس ہزار سے سے زیادہ مسلمان ہجرت کرکے افغانستان چلے گئے تو اس موقع پر انگریزوں کو مسلمانوں کی مسلح جدو جہد کا شدید خطرہ تھا۔ انگریزوں نے یہ جانتے ہوئے کہ خلافت کا مسئلہ خالصتاً مسلمانوں سے تعلق رکھتا ہے، گاندھی جی کو شہہ دی کہ وہ اس تحریک کی قیادت اپنے ہاتھ میں لیں تاکہ تحریک تشدد کا رخ اختیار نہ کر پائے۔ یہ بات انتہائی حیرت کی تھی کہ گاندھی جی کی قیادت میں تحریک خلافت کا وفد وائسرائے سے ملنے گیا تو وائسرائے نے یہ اعتراض نہیں کیا کہ گاندھی جی آپ کا مسلمانوں کی خلافت سے کیا تعلق؟ بلکہ گاندھی جی کی قیادت میں خلافت کے وفد کی پذیرائی کی۔

nehru-mahatma-gandhi

انقلابی اور ہندوستان کی آزادی کے لئے مسلح جدو جہد پر یقین رکھنے والے رہنما سبھاش چندر بوس،1938ء اور1939ء میں لگا تار دو بار کانگریس کے صدر منتخب ہوئے۔ انگریزوں کو ان سے شدید خطرہ تھا چنانچہ انگریزوں نے بڑی ترکیب سے گاندھی جی اور پنڈت نہرو کے ذریعہ پہلے سبھاش چندر بوس کو کانگریس کی قیادت سے ہٹایا اور پھر کانگریس ہی سے انہیں خارج کردیا۔ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ انگریزوں نے گاندھی جی کے عدم تشدد کے نظریہ کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال کیا لیکن خود گاندھی جی اپنے اس نظریہ میں کامیاب ثابت نہیں ہوسکے۔

30 جنوری 1948ء کو برلا مندر کے سبزے پر ہندو قوم پرست اور مسلم دشمن آر ایس ایس کے کٹر حامی نتھو
رام گوڈسے کے ہاتھوں قتل ہونے کے نصف صدی کے بعد خود گاندھی جی کے صوبہ گجرات میں آر ایس ایس کے کٹر حامی نریندر مودی کے راج میں تین ہزار مسلمانوں کا جس بہیمانہ انداز سے قتل عام ہوا، وہ گاندھی جی کے عدم تشدد کے نظریہ کی ناکامی کا نا قابل تردید ثبوت ہے۔

گاندھی جی کے قتل کے بعد پنڈت نہرو نے صحیح کہا تھا کہ ملک کے عوام کی زندگی سے روشنی چلی گئی ہے۔ عدم تشدد کا نظریہ جسے گاندھی جی نے ہندوستان کے لئے روشنی بنانا چاہا تھا واقعی ہمیشہ کے لئے ناکامی کے اندھیرے میں گم ہوگیا ہے۔

آصف جیلانی لندن میں مقیم پاکستانی صحافی ہیں۔ انہوں نے اپنے صحافتی کرئیر کا آغاز امروز کراچی سے کیا۔ 1959ء سے 1965ء تک دہلی میں روزنامہ جنگ کے نمائندہ رہے۔ 1965ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران انہیں دہلی کی تہاڑ جیل میں قید بھی کیا گیا۔ 1973ء سے 1983ء تک یہ روزنامہ جنگ لندن کے ایڈیٹر رہے۔ اس کے بعد بی بی سی اردو سے منسلک ہو گئے اور 2010ء تک وہاں بطور پروڈیوسر اپنے فرائض انجام دیتے رہے۔ اب یہ ریٹائرمنٹ کے بعد کالم نگاری کر رہے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں مصنف سے زیادہ

2 تبصرے

  1. asher کہتے ہیں

    Assalam O Alaikum Jelani Sb!

    When i read your articles and information , it takes me to my homeland . Wish you good luck .When ever come to bradford please give us a chance to welcome you. Regards

    asher

  2. Mrs Asad syed کہتے ہیں

    Very useful informative blogg sir

تبصرے بند ہیں.