برطانوی حکومت کے نیشنل آرکائیوز سے ہزاروں اہم فائلز کس نے غائب کیں؟
حال ہی میں انکشاف ہوا ہے کہ برطانوی حکومت کی نیشنل آرکائیوز میں سے ہزاروں اہم فائلز پراسرار طریقے سے غائب ہو گئیں ہیں۔ ان فائلز میں احمدی جماعت کے قیام اور مرزا غلام احمد کے مجدد اور مسیح موعود ہونے کے دعوے کے بارے میں مرتب کی گئی برطانوی حکومت کی رپورٹس کی فائلز بھی شامل ہیں۔ برطانوی راج کے دور کی ان فائلز میں 1889ء میں مرزا غلام احمد کے جھوٹی نبوت کے دعوے کے بارے میں پنجاب سی آئی ڈی کی وہ رپورٹس بھی شامل تھیں جو وائسرائے کو بھیجنے کے لئے گورنر کو پیش کی گئی تھیں۔ ان فائلوں میں اس جماعت کے قیام کے خلاف پنجاب کے عوام کا رد عمل اوراس کے برطانوی راج کے لئے مضمرات اوربر صغیر کی سیاست پر اثرات کے بارے میں رپورٹس بھی شامل تھیں۔ ان فائلوں میں میں مرزا غلام احمد کے انتقال کے بعد احمدی جماعت کے راہنمائوں کے خلاف ہونے والی علماء کی بغاوت کے متعلق بھی رپورٹس شامل ہیں۔
40 سال سے زیادہ عرصہ پہلے انڈیا آفس ریکارڈز لائبریری کی L/P سیریز کی کیٹیلاگ میں ان فائلوں کا اندراج تھا۔انڈیا آفس ریکارڈز لائبریری میں ایسٹ انڈیا کمپنی کے 1600ء سے 1858ء تک کی قدیم دستاویزات اور انڈیا آفس کے 1858ء سے 1947ء تک کے ریکارڈ ز محفوظ تھے ۔ یہ لائبریری ، برٹش لائبریری کے زیر انتظام تھی اور اب برٹش لائبریری میں ضم ہو گئی ہے۔
1970ء میں جب میں نے مطالعہ کے لئے ان فائلز کے اجراء کی درخواست کی تو ایک طویل عرصہ تک مجھے کوئی جواب نہیں ملا۔ میں نے جب لائبریری کے جنوبی ایشیاء کے شعبہ کے سربراہ سے استفسار کیا تو انہوں نے مجھے بتایا کہ یہ ساری فائلز ، برطانوی دفتر خارجہ نے اپنی تحویل میں لے لئے ہیں۔انہوں نے اس کی کوئی وجہ نہیں بتائی لیکن ان کی خاموشی معنی خیز تھی۔ بعد میں معلوم ہوا کہ یہ ساری فائلز مہر بند کر کے نیشنل آرکائیوز کی تحویل میں دے دی گئی ہیں۔
اب اس ہفتہ یہ انکشاف ہوا ہے کہ نیشنل آرکائیوزسے ایک ہزار سے زیادہ فائلز غائب ہوگئی ہیں۔ غالب خیال ہے کہ احمدی جماعت کے بارے میں فائلز بھی ان ہی غائب شدہ فائلز میں شامل ہیں۔ ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا کہ آیا یہ فائلز جان بوجھ کر غائب کی گئی ہیں یا یہ چوری ہوگئی ہیں۔ نیشنل آرکائیوز میں ایک کروڑ دس لاکھ سے زیادہ فائلز اور دستاویزات محفوظ ہیں ۔ تو آخر کیا راز ہے کہ یہی فائلز کیوں غائب ہوئی ہیں؟
نیشنل آرکائیوز کی جو فائلز اور دستاویزات غائب ہوئی ہیں ان میں بتایا جاتا ہے کہ برطانوی دفتر خارجہ کی 1970ء کی وہ فائلز بھی ہیں جو اسرائیل کے ساتھ برطانیہ کے فوجی تعاون اور جوہری اشتراک کے بارے میں ہیں ۔ برطانیہ کی پہلی لیبر حکومت کا تختہ الٹنے کے لئے خفیہ ادارے MI6 کے افسروں کی سازش ، شمالی آےئر لینڈ میں IRA کی عسکری تحریک اور فاک لینڈ کی جنگ کے بارے میں فائلز بھی انہی فائلوں میں شامل ہیں۔

تبصرے بند ہیں.