کورونا وائرس کی دوسری لہر…

1,820

ایک دوست کا قصہ ہے کہ اسے یہ شک لاحق ہوگیا وہ یرقان (ہیپاٹائٹس) کے مرض میں مبتلا ہے۔ انسانی دماغ کی یہ خاصیت ہے کہ جو شے اس سے ایک بار چپک جائے یا یہ جس موضوع میں دلچسپی لینے لگے تو دنیا مافیہا سے بے خبر اسی دھن میں مگن ہوجاتا ہے۔ بس چلتے پھرتے، سوتے جاگتے، اٹھتے بیٹھتے اسے وہی سوجھتا ہے یا یوں کہیے کہ ایک ہڑک سی اٹھتی ہے جو دیوانہ وار اسے اسی سمت سوچنے اور اسی کی ٹوہ میں سرگرداں رہنے پر مجبور کردیتی ہے۔ اگر تو یہ لگن اور ہوک ترقی پسند ہو اور تخلیقی آئیڈیاز سے بھرپور ہو تو سبحان اللہ، انسان کے وارے نیارے۔

لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ہم ایسوں کی ایسی قسمت کہاں؟ ہمیں تو خیالات جکڑتے بھی ہیں تو ایسے کہ جن کا بوجھ یا تو ہمارا دماغ اٹھائے یا پھر فقط منٹو کا قلم اور آج کے زمانے میں بلاتعطل تیز رفتار اَن لمیٹڈ انٹرنیٹ۔ معاف کیجیئے گا میں اِدھر اُدھر نکل جاتا ہوں۔

تو ہمارے دوست نے دن رات ہیپاٹائٹس کو اپنے اعصاب پر سوار کر لیا، جسے ملتا اسے بتاتا۔ جہاں کہیں کوئی معلوماتی پرچہ یا اشتہار دیکھتا رک کر آخری سطر تک یرقان کی تمام علامات، وجوہات اور احتیاطی تدابیر کے بعد پرنٹنگ پریس والوں کے نام تک پڑھ جاتا۔ احباب نے بہتیرا سمجھایا لیکن اس نے ماننے سے انکار کر دیا اور ٹیسٹ کرایا۔

ٹیسٹ تو نیگیٹو آیا مگر اسکی تسلی نہ ہوئی۔ وہ جس قدر ہیپاٹائیٹس کی عمومی (جنرلائزڈ) علامات پر غور کرتا سبھی کو اپنے اندر موجود پاتا۔ پیلی آنکھیں، تکان، متلی وغیرہ وغیرہ۔ اس کو گمان ہوا کہ اس کے ٹیسٹ کی رپورٹ میں لیب والوں کو مغالطہ ہوا ہے یا پھر اس کا سیمپل کسی دوسرے صحت مند کے سیمپل کے ساتھ مکس اپ ہوگیا ہے، اسی لئے رزلٹ منفی آیا ہے۔ اگلے چھ ماہ اس نے اور زیادہ شدت سے ہیپاٹائٹس کے بارے میں سوچ بچار میں گزارے اور ایک بار پھر سے ٹیسٹ کرایا۔

اور یہ کیا ؟اس بار اس کا ٹیسٹ رزلٹ واقعی مثبت آگیا۔

اب لگا یہ پریشان سا ہو کر پھرنے، قسمت اچھی تھی کہ ایک ماہر ہیپاٹولوجسٹ جو نفسیات سے بھی خاصی سوجھ بوجھ رکھتا تھا، کے ہتھے چڑھ گیا۔ اس نے اسکی پہلے تو ٹھیک ٹھاک کاؤنسلنگ کی۔ خوف اسکے دل سے نکال باہر کیا اور سمجھایا کہ ہر وقت اسکو دماغ اور اعصاب پر لینا بند کرے۔ ورنہ کل کا مرتا آج مرے گا۔خوب اچھا صحت بخش معمول ،صبح کی سیر، متوازن خوراک اور چند ضروری ادویات اسکو تجویز کیں اور یہ چند دنوں میں بھلا چنگا ہو گیا۔

ایک ایسی ہی پوری کیفیت کو معروف برطانوی مزاح نگار جیروم۔ کے۔ جیروم نے اپنےشہرہ آفاق مضمون “آ مین ہُو واز آ ہاسپٹل” (A man who was a Hospital) میں ایسے دلچسپ انداز میں بیان کیا ہے جو کم و بیش ہم میں سے ہر ایک پر بالکل فٹ بیٹھتا ہے۔

اس مضمون میں بھی ایک شخص تمام بیماریوں کی علامات خود میں محسوس کرتا ہے ماسوائے گھٹنے کے درد کے لیکن جب ڈاکٹر کو بتاتا ہے تو وہ اسے سینے پر مارتا ہے اور صرف چند دوائیں، اچھی خوراک اور مناسب ورزشیں تجویز کرتا ہے جو کہ صحت کا اصل راز ہے۔

دراصل ہم جو بات بہت زیادہ سوچتے ہیں، ہمارا دماغ اسی قسم کے پیغامات ہمارے جسم کو بھیجنا شروع کر دیتا ہے۔ اسی قسم کے ہارمونز و نیوروٹرانسمیٹرز خارج کرنا شروع کردیتا ہے۔ آپ ابھی مسٹر بین کی فلم لگا لیں ابھی وہ بیچارہ کوئی بےوقوفانہ حرکت کرے گا بھی نہیں کہ آپ ہنسنا شروع کردیں گے۔ یہی حال دیگر “فلموں” کا بھی ہے۔

اسی طرح کہیں لڑائی ہوجائے، چاہے آپ بے حد تھکے ہارے اور بھوکے پیاسے کیوں نہ ہوں، ایکدم ایک برقی توانائی سی آپکے جسم میں بھر جائے گی۔ اس کو فائٹ اینڈ فلائٹ ری ایکشن کہتے ہیں۔ یہ ایڈرینالین نامی ہارمون کے اخراج کے باعث ہوتا ہے۔ یعنی جو ہم سوچتے ہیں دماغ اسکے مطابق عمل کرتا ہے اور ویسے اثرات آپکے جسم پر چھوڑتا ہے۔

ایک بات جو بہت اہم ہے وہ یہ کہ دنیا کی تمام معمولی، غیر معمولی قابل علاج اور لاعلاج بیماریاں، انکے جرثومے اور وجوہات ہمیں جان سے مار دینے کیلئے کافی ہیں۔ اور جب بیماری بگڑنے پر آئے تو دنیا کی کوئی دوائی، کوئی حکیم کوئی، ڈاکٹر، کوئی ویکسین اور کوئی پلازما کام نہیں کرتا۔ یہ بات سب جانتے ہیں اور مانتے ہیں۔ آپکا کیا خیال ہے کہ ہم کسی “سٹیرائیل (Sterile)” ماحول میں سانس لے رہے ہیں جہاں مائکروبز کا وجود صفر فیصد ہے؟

یہ سموگ سےتعفن زدہ فضا، یہ زہریلا پانی، یہ زہریلی خوراکیں اور سُمِ قاتل ہمارا طرز زندگی۔

بیٹھے ہیں تو بیٹھے ہیں اٹھنے کا نام نہیں۔ اٹھیں گے نہیں بلکہ ٹانگیں پسار کر لیٹ جائیں گے۔ اس سب کے باوجود بھی ہم اگر صحت مند ہیں تو ہمیں رات دن اس خدا کا متشکر ہونا چاہیئے کہ جس نے ہمیں اس قدر طاقتور اور ہماری سوچ سے بھی زیادہ ذہین مدافعتی نظام سے نواز رکھا ہے۔

دن بھر میں کروڑوں نہیں بلکہ کھربوں سے بھی زیادہ بیکٹیریا، وائرس، فنگس، سپورز، قاتل پروٹینز، کیمیکلز اور نہ جانے کیا کیا الا بلا ہمارے نتھنوں، آنکھوں، دہن، مساموں اور دیگر حصوں سے جسم میں داخل ہوتے ہیں اور برق رفتاری سے مدافعتی نظام حرکت میں آتا ہے اور انہیں تباہ کر کے رکھ دیتا ہے۔

تو اصل چیز جس کی طرف بہت کم دھیان ہے وہ ہمارا مدافعتی نظام ہے۔ یہ ایک پورا اور اتنا پیچیدہ نظام ہے کہ اگر اس پر لکھا جائے تو صرف اس نظام کے مختلف اجزا کو بیان کرنے کے واسطے ایک علیحدہ کتاب لکھنی پڑے۔ مختصراً یہ کہ مدافعتی نظام دنیا کے ہر جرثومے، کیمیکل، وائرس اور زہریلی اشیا کے خلاف قدرتی طور پر ویکسین اور ادویات ہمارے جسم کے اندر ہی تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور بیماریوں سے بچاتا ہے۔

یہ سب ویکسینز، اینٹی بائیوٹکس، اینٹی وائرلز وغیرہ مدافعتی نظام کو نقل کر کے ایجاد کی گئی ہیں۔ اب کورونا کی دوسری لہر جاری ہے۔ یہ وائرس اس صدی کی شاید سب سے مہلک و قاتل وباؤں میں سے ایک ہے۔ اس میں کوئی چند علامتوں کے بعد مکمل صحت یاب ہو رہا ہے، کوئی آکسیجن پر جا کر صحت یاب ہورہا ہے۔ کسی کو پلازما لگانے کی نوبت آرہی ہے اور کوئی بیچارہ اس کا مقابلہ کرنے سے بالکل ہی عاجز ہے اور راہیِ عدم ہے۔

بات وہی نظام مدافعت کی ہے۔ ہم نے اسے طاقتور بنانا ہے۔ ورزش، آٹھ سے دس گھنٹے کی پرسکون نیند (اگر موبائل اجازت دے دے تو) اور صحت بخش غذائیت سے بھرپور پھل اور سبزیوں پر مشتمل خوراک کو روزانہ کے معمولات میں شامل کرنا ہے۔

نظام مدافعت کا دماغ سے بھی بہت گہرا تعلق ہے۔ یقین جانیے ہمارا یہ دماغ اور اس میں چھپی بے پناہ طاقت ایسے ایسے حرکت انگیز کارنامے کر سکتی ہے جن کا ہم شاید تصور بھی نہیں کر سکتے۔ غیر ضروری سنسنی اور خوف کو ذہن سے نکال پھینکیں۔ ایک جگ اور گلاس کو بھی اگر دو تین گھنٹے اٹھا کر مسلسل کھڑے رہیں تو بازو شل ہوجائے گا۔ یہی حال خوف کرتا ہے اعصاب کا، دماغ کا اور قوت مدافعت کا۔

لیکن اسکا مطلب یہ بھی نہیں کہ ماسک پہننا، ہاتھ دھونا اور سماجی فاصلہ رکھنا چھوڑ دیں۔ حتی الامکان احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں لیکن یاد رکھیں اس وبا کا اصلی مقابلہ لاشعور کی طاقت اور مدافعتی نظام اور سب سے بڑھ کر خدائے ذوالجلال والاکرام کے کرم سے ہی ممکن ہے۔ اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو، آمین۔

نوٹ: ادارے کا قلمکار کے خیالات اور پیش کردہ مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں

ڈاکٹر محمد علی افضل ایک نجی فارما کمپنی میں فیلڈ افسر ہیں اور لکھنے سے شغف رکھتے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں مصنف سے زیادہ

1 تبصرہ

  1. Rana Arif کہتے ہیں

    MashaAllah Dr.saab achi information di ap ne.
    Allah ap ko kamiyabi de.
    Ameen

تبصرے بند ہیں.